امریکی صدارتی انتخابات میں سابق ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس نے ایک بار پھر وائٹ ہاؤس کی دوڑ میں شامل ہونے کا اشارہ دے دیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں کملا ہیرس نے کہا کہ انھیں یقین ہے کہ مستقبل میں امریکا کی قیادت ایک خاتون کے ہاتھ میں ہوگی، اور ممکن ہے کہ وہ خاتون وہ خود ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’میں نے ابھی اپنا کام مکمل نہیں کیا، اور دوبارہ صدارتی الیکشن لڑ سکتی ہوں۔‘‘سابق نائب امریکی صدر نے کہا کہ اگرچہ انھوں نے ابھی 2028 کے انتخابات میں حصہ لینے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا، تاہم انھوں نے اس خیال کو رد کر دیا کہ ان کے جیتنے کے امکانات کم ہوں گے۔ کملا ہیرس نے کہا کہ ’’میں نے اپنی پوری زندگی خدمت کے جذبے کے ساتھ گزاری ہے، عوامی رائے کے جائزوں پر کبھی یقین نہیں کیا۔‘‘ انھوں نے صدر ٹرمپ کو ’’آمر‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صدارتی مہم کے دوران ٹرمپ کے بارے میں ان کی تمام وارننگز درست ثابت ہوئیں۔کملا ہیرس نے اپنی حالیہ کتاب ’’107 ڈیز‘‘ کی اشاعت کے بعد مختلف انٹرویوز میں سیاسی مستقبل پر کھل کر بات کی ہے۔ یہ کتاب اس عرصے پر مبنی ہے جب انھوں نے صدر جو بائیڈن کے دستبردار ہونے کے بعد 2024 میں ڈیموکریٹک امیدوار کے طور پر الیکشن لڑا، مگر ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے شکست کھائی۔ 60 سالہ کملا ہیرس نے ایسوسی ایٹڈ پریس سے گفتگو میں کہا کہ وہ خود کو پارٹی کی قیادت میں دیکھتی ہیں اور 2028 میں دوبارہ انتخاب لڑنے کا امکان اب بھی موجود ہے۔