لاہور کے نواحی گاؤں نتھوکی کے مکین ایک ہفتے سے بجلی سے محروم نظامِ زندگی مفلوج

لاہور کے قریب نواحی گاؤں نتھوکی کے رہائشی پچھلے ایک ہفتے سے بجلی کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ لیسکو نے بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی کے الزام میں پورے گاؤں کا کنکشن منقطع کر رکھا ہے، جس کے باعث پانی کی فراہمی سمیت روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہوچکی ہے۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کاروبار، تعلیم اور گھریلو امور سب ٹھپ ہو گئے ہیں۔علاقہ مکینوں نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بھاری بھرکم بلوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی، جس پر پولیس نے مظاہرین کے خلاف مقدمات درج کر لیے۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ نتھوکی کے قریب بسیم گاؤں میں بجلی کی بندش کا کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ وہاں صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ رہائش پذیر ہیں۔مقامی لوگوں کا مؤقف ہے کہ ان کے 80 فیصد گھرانے باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرتے ہیں، اس کے باوجود پورے گاؤں کی بجلی منقطع کرنا سراسر ناانصافی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ اقدام کسی تکنیکی خرابی کے باعث نہیں بلکہ لیسکو کی جانب سے دانستہ طور پر کیا گیا۔ اے آر وائی نیوز کے پروگرام “سرعام” کی ٹیم نے گاؤں کا دورہ کرکے عوام کے مسائل کو اجاگر کیا، جس کے بعد لیسکو حکام نے ٹیم کو دفتر بلا کر اس معاملے کی وضاحت پیش کی۔