اسلام آباد :سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، کارروائی کے دوران 4 خودکش بمباروں سمیت 25 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کُرم اور شمالی وزیرستان کے علاقوں میں دراندازی کی دو الگ الگ کوششوں کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا ترجمان کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں 4 خودکش بمباروں سمیت 15 دہشتگرد مارے گئے، جب کہ کرم کے علاقے گھاکئی میں آپریشن کے دوران مزید 10 دہشتگرد ہلاک کیے گئے،آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے دہشتگردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، دھماکا خیز مواد اور دیگر سامانِ حرب برآمد ہوا۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جا سکے،ترجمان نے بتایا کہ دہشتگردوں کے خلاف ان کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے 5 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہداء میں غذر کے حوالدار منظور حسین، ضلع پونچھ کے سپاہی نعمان الیاس کیانی، ضلع قصور کے سپاہی محمد عدیل، وہاڑی کے سپاہی شاہ جہاں اور پاکپتن کے سپاہی علی اصغر شامل ہیں،قوم مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے ان بہادر سپوتوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے،آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک افغان سرحد پر دراندازی ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب استنبول میں مذاکرات جاری ہیں۔ عارضی افغان حکومت کو موثر سرحدی کنٹرول کو یقینی بنانا چاہیے،ترجمان کے مطابق پاک فوج ملک کے دفاع اور سرحدی سلامتی کے لیے پرعزم ہے، اور ڈی او اے معاہدے کے تحت افغان فریق سے کارروائیاں روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔