پاکستان کا افغانستان کی جانب سے حملے کا سخت جواب، طالبان کی درانی کیمپ 2 مکمل طور پر تباہ

پاکستان نے افغانستان کی جانب سے حالیہ حملے کا بھرپور اور مؤثر جواب دیتے ہوئے طالبان فورسز کے خلاف کامیاب کارروائی کی ہے، جس میں طالبان کی درانی کیمپ 2 کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق درانی کیمپ 2 میں 50 سے زائد افغان طالبان اور غیر ملکی جنگجوؤں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں۔ یہ کیمپ پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے کے لیے ایک مرکزی لانچ پیڈ کے طور پر استعمال ہوتا تھا۔ذرائع کے مطابق برابچا کے علاقے میں واقع افغان طالبان کی دوسری بٹالین کے ہیڈکوارٹر، جو پہلی بریگیڈ کے ماتحت تھا، کو بھی نشانۂ بنایا گیا۔ اس ہیڈکوارٹر سے غیر ملکی دہشت گردوں اور بھارت نواز عناصر کو پاکستان کے اندر کارروائیاں کرنے کے لیے روانہ کیا جاتا تھا۔اس کامیاب اسٹرائیک میں افغان طالبان اور غیر ملکی جنگجوؤں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں چمن بارڈر کے اطراف افغان طالبان اور ان کے اتحادی گروپوں کی متعدد پوسٹیں تباہ ہو گئیں، جب کہ کئی جنگجو پسپائی کے دوران ہلاک ہو گئے۔جاری کی گئی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افغان طالبان اور غیر ملکی شدت پسند پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے کی ناکام کوشش کر رہے تھے، تاہم پاکستانی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں انگیج کر کے ہلاک کر دیا۔سیکیورٹی ماہرین کے مطابق یہ کارروائی پاکستان کی قومی سلامتی کے تحفظ اور سرحدی دفاع کو مضبوط بنانے کی ایک واضح مثال ہے، جس سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔