ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 7 اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے رتہ کلاچی میں واقع پولیس ٹریننگ اسکول پر گزشتہ شب دہشت گردوں کے منظم حملے کو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔حملے کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار شہید جبکہ 13 زخمی ہوئے۔ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔پولیس ترجمان کے مطابق خوارجی دہشت گردوں نے بارود سے بھرا ٹرک ٹریننگ اسکول کے مرکزی گیٹ سے ٹکرا دیا، جس سے زور دار دھماکہ ہوا اور دیوار منہدم ہوگئی، نتیجے میں دو اہلکار موقع پر ہی شہید ہوگئے۔دھماکے کے بعد مختلف یونیفارمز میں ملبوس دہشت گرد اسکول کے اندر داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ تاہم سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کی، جس کے باعث دہشت گردوں کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران دہشت گردوں نے دستی بموں سے بھی حملے کیے۔ی پی او ڈیرہ اسماعیل خان صاحبزادہ سجاد احمد خود موقع پر پہنچے اور آپریشن کی قیادت سنبھالی، جب کہ آر پی او سید اشفاق انور بھی فرنٹ لائن پر موجود رہے اور اہلکاروں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی میں چھ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، جب کہ ان کے قبضے سے خودکش جیکٹس، بارودی مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔حملے کے دوران سات بہادر اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔