کراچی یونیورسٹی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ کی سیکنڈ ایئر کی طالبہ انیقہ سعید پوائنٹ بس کے نیچے آ کر جاں بحق ہو گئی۔ پولیس کے مطابق طالبہ بس سے اتر رہی تھی کہ اسی دوران بس ریورس ہوئی، جس کے نتیجے میں وہ گر گئی اور بس کے نیچے آ کر موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ حادثے کے بعد یونیورسٹی میں سوگ اور افسوس کی فضا چھا گئی جبکہ بڑی تعداد میں طالبات نے احتجاج کیا۔
مظاہرین نے یونیورسٹی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ حادثے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے ٹریفک کنٹرول کے مؤثر انتظامات کیے جائیں۔ طالبات نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی اور کہا کہ یونیورسٹی میں ٹریفک کا کوئی واضح نظام موجود نہیں، نہ ہی اسپीड بریکرز یا سائن بورڈ لگائے گئے ہیں، جس سے طلبا و طالبات کی زندگیاں خطرے میں ہیں احتجاج کرنے والوں نے جاں بحق طالبہ کے اہلِ خانہ کے لیے مالی امداد کا بھی مطالبہ کیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ادارے موقع پر پہنچ گئے۔ٹاؤن پولیس کے مطابق، یونیورسٹی پوائنٹ بس کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم جاں بحق طالبہ کے اہلِ خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کرتے ہوئے لاش کی فوری حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ورثا سے بات چیت جاری ہے اور واقعے کی تفصیلی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔