ہتھیار ڈالنے والے دہشتگرد سرفراز بنگلزئی نے اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن ممالک کی خفیہ ایجنسیاں بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو مالی امداد اور فنڈنگ فراہم کر رہی ہیں تاکہ وہ پاکستان میں اپنی کارروائیاں جاری رکھ سکیں۔سرفراز بنگلزئی کے مطابق پابندی یافتہ تنظیمیں خود ہی خونریز واقعات انجام دیتی ہیں اور پھر ان کی ذمہ داری ریاست پر ڈال دیتی ہیں، تاکہ عوام میں ریاست کے خلاف نفرت اور ان تنظیموں کے لیے ہمدردی پیدا کی جا سکے۔ اس نے کہا کہ کئی مقامات پر ایسے واقعات خود انہی تنظیموں نے کروائے، جن کے بعد جعلی بیانیہ بنا کر عوامی جذبات کو بھڑکایا گیا۔
سرفراز بنگلزئی نے مزید بتایا کہ بی ایل اے جیسی تنظیموں کو بیرونی ممالک سے فنڈنگ حاصل ہوتی ہے، اور وہاں بیٹھے ان کے رہنما دیگر ملکوں سے رابطوں کے ذریعے وسائل فراہم کرتے ہیں، جن سے ان کی دہشتگردانہ کارروائیوں کی سرپرستی ممکن بنتی ہے۔ہتھیار ڈالنے والے دہشتگرد کے مطابق کچھ دشمن ملکوں کی ایجنسیاں براہِ راست مدد فراہم کرتی ہیں، جبکہ گروہوں کے سرغنے نوجوانوں کی ذہن سازی کرکے انہیں منظم انداز میں اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ وہ جھوٹے بیانیے اور غلط معلومات پھیلا کر عوامی جذبات کو گمراہ کرتے ہیں۔سرفراز بنگلزئی نے کہا کہ پابندی یافتہ عناصر مخصوص واقعات کو بگاڑ کر ریاست کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہوتی ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ شواہد اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ ان تنظیموں کی کارروائیاں اور بیانیے دراصل گمراہ کن پروپیگنڈا ہیں، جن کے پیچھے نہ صرف مقامی بلکہ بیرونی سہولت کار بھی سرگرم ہیں۔