امریکی سینیٹرز کا گلوبل صمود فلوٹیلا کو تحفظ دینے کا مطالبہ

امریکی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹرز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر سوار افراد کی جانوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے چار سینیٹرز نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو خط لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ فلوٹیلا کا مقصد غزہ کے عوام کے لیے ضروری انسانی امداد پہنچانا ہے، اس لیے اسے ہر طرح کے خطرات سے محفوظ بنایا جائے۔خط میں زور دیا گیا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو کی حکومت کو پُرامن قافلے کے خلاف کسی بھی قسم کی طاقت کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے۔رپورٹ کے مطابق سینیٹرز نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ فلوٹیلا کو بحیرہ روم میں سفر کے دوران ڈرون حملوں اور دیگر دشمنانہ کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔امریکی سینیٹرز نے مزید کہا کہ بین الاقوامی انسانی قانون اور انسانی حقوق کے قانون کے تحت فلوٹیلا پر موجود افراد کو مکمل تحفظ حاصل ہونا چاہیے۔خط لکھنے والے سینیٹرز میں ایڈ مارکی، ایلزبتھ وارن، کرس وان ہولن اور جیف مرکلی شامل ہیں۔