ایکواڈور کی جیل میں ہنگامہ آرائی کے دوران 14 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے جبکہ کئی پولیس افسران کو اغوا بھی کیا گیا۔بی بی سی کے مطابق مچالا شہر کی ایک جیل میں متحارب گروہوں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 13 قیدی اور ایک جیل محافظ ہلاک جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے، جن میں دو پولیس افسران بھی شامل ہیں۔رپورٹس کے مطابق جیل کے قریب رہنے والے شہریوں نے دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سننے کی اطلاع دی۔ پولیس چیف ولیم کالے نے بتایا کہ اس واقعے کے دوران نامعلوم تعداد میں قیدی فرار ہو گئے تھے، جن میں سے اب تک 13 کو دوبارہ گرفتار کیا جا چکا ہے۔دارالحکومت کیٹو کے پولیس چیف کے مطابق قیدیوں نے جیل کے ایک محافظ کو قتل کرنے کے علاوہ کئی پولیس افسران کو یرغمال بھی بنا لیا، جس کے بعد اضافی سیکیورٹی فورسز طلب کی گئیں۔ جھڑپوں کے دوران جیل کا ایک حصہ بھی منہدم ہو گیا۔