ٹرمپ یو این اسمبلی میں مسلم رہنماؤں کے سامنے غزہ میں جنگ بندی کے بعد کے انتظامات پیش کریں گے

غزہ میں جنگ بندی کے بعد کے انتظامات کے سلسلے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج مسلم اور عرب رہنماؤں کے سامنے تجاویز پیش کریں گے اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بھی خطاب کریں گے۔تفصیلات کے مطابق، امریکی صدر ٹرمپ منگل کے روز یو این اسمبلی میں عرب اور مسلم رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، جس میں وہ غزہ سے اسرائیل کے انخلا کے اصول، اور جنگ کے بعد غزہ میں گورننس کے امور پر بات کریں گے۔امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، امریکہ چاہتا ہے کہ عرب اور مسلم ممالک غزہ میں فوجی موجودگی کے لیے آمادہ ہوں تاکہ اسرائیل بغیر کسی رکاوٹ کے علاقے سے انخلا کرے۔ اس کے علاوہ، امریکہ یہ بھی چاہتا ہے کہ عرب اور مسلم ممالک فلسطین میں اقتدار کی منتقلی اور متاثرہ علاقوں کی بحالی کے کاموں کے لیے مالی امداد فراہم کریں۔اس ملاقات اور تجاویز کا مقصد غزہ میں امن قائم کرنا اور متاثرہ شہریوں کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا بتایا جا رہا ہے۔