کراچی میں رم جھم سے خوشگوار موسم، آج بھی بارش کا امکان

کراچی کے مختلف علاقوں جیسے گولیمار، گارڈن، صدر، گلستان جوہر، گلشن اقبال اور کورنگی لانڈی میں پیر کی صبح رم جھم سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نمی کی زیادتی کے باعث بادل تشکیل پائے ہیں اور آج دن بھر موسم مرطوب رہنے کے ساتھ بوندا باندی یا ہلکی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ہے اور جنوب مغرب سے ہوائیں 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔رواں سال مون سون سیزن 30 ستمبر تک وقفے وقفے سے بادل برساتا رہے گا، تاہم شہر میں فی الحال تیز بارش کا امکان نہیں۔ملک کے دیگر علاقوں میں موسم عموماً گرم اور خشک رہے گا، تاہم پنجاب کے کچھ اضلاع اور گلگت بلتستان، کشمیر میں چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی ہے۔ دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور وزیرستان میں تیز ہواؤں اور بارش متوقع ہے۔