لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشیا کپ کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے رویے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر ٹورنامنٹ سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق پاک بھارت میچ کے دوران پیش آنے والے واقعے پر پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) کو باضابطہ خط لکھا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ٹاس کے موقع پر اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کپتان آغا سلمان کو بھارتی کپتان سے ہاتھ نہ ملانے کا کہا، جو کہ کرکٹ قوانین اور اسپرٹ آف دی گیم کے منافی ہے۔پی سی بی نے اپنے احتجاجی مراسلے میں قوانین کی خلاف ورزی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ میچ ریفری نے اپنی ذمہ داریاں درست طریقے سے ادا نہیں کیں۔ بورڈ نے اپنے خط میں ایم سی سی قوانین اور “اسپرٹ آف دی گیم” کا بار بار حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میچ ریفری کا رویہ غیر پیشہ ورانہ اور نامناسب تھا۔اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی ایکس (ٹوئٹر) پر پیغام جاری کرتے ہوئے آئی سی سی سے مطالبہ کیا کہ میچ ریفری کو ایشیا کپ سے فوری طور پر ہٹا دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے آئی سی سی قوانین کی خلاف ورزی پر باقاعدہ شکایت کی ہے، اور ایسے رویے کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔واضح رہے کہ پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے وقت پیش آنے والے اس واقعے پر شائقین کرکٹ نے بھی سوشل میڈیا پر سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا اور میچ ریفری کے رویے کو متنازع قرار دیا تھا۔