امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل ایمرجنسی نافذ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر میئر موریئل بوسر نے امیگریشن حکام کے ساتھ تعاون نہ کیا تو وفاق واشنگٹن ڈی سی کے کنٹرول میں لے لے گا۔میئر بوسر نے اعلان کیا ہے کہ میٹروپولیٹن پولیس غیر قانونی مقیم افراد کی معلومات امیگریشن حکام کو فراہم نہیں کرے گی۔ ٹرمپ نے الزام عائد کیا کہ بائیں بازو کے قدامت پسند ڈیموکریٹس میئر پر دباؤ ڈال رہے ہیں اور اگر پولیس وفاقی ایجنسیوں کے ساتھ تعاون نہ کرے تو واشنگٹن ڈی سی میں جرائم میں اضافہ ہوگا۔صدر ٹرمپ نے عوام اور تاجروں سے کہا کہ “اگر ضرورت پڑی تو میں نیشنل ایمرجنسی نافذ کر دوں گا، آپ خوفزدہ نہ ہوں، میں آپ کے ساتھ ہوں۔”واضح رہے کہ ڈی سی نیشنل گارڈز براہ راست صدر کے تحت کام کرتے ہیں، جبکہ دیگر ریاستوں کے نیشنل گارڈز اپنے گورنرز کو جوابدہ ہوتے ہیں، ماسوائے وفاقی خدمات کے لیے بلائے جانے کے۔