نسلہ ٹاور کا پلاٹ نیلامی میں فروخت نہ ہو سکا، دوبارہ اشتہار جاری کرنے کا فیصلہ

کراچی: نسلہ ٹاور کا پلاٹ نیلامی میں فروخت نہ ہو سکا جس کے بعد حکام نے دوبارہ فروخت کا اشتہار جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق 780 گز پر مشتمل اس پلاٹ کی ریزرو پرائس 81 کروڑ 12 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی تاہم 4 ستمبر تک کسی بھی خریدار نے بولی جمع نہیں کرائی۔ اس صورتحال کے بعد پلاٹ کی دوبارہ نیلامی کے لیے اشتہار جاری کیا جائے گا۔حالیہ سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ 86 گز کا علیحدہ ٹکڑا بھی پلاٹ کے ساتھ موجود ہے، جسے پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی لیز پر دینے کے لیے تیار ہے، تاہم اس حصے کی فروخت کے بعد نسلہ ٹاور کا فرنٹ متاثر ہوگا۔ اس کے علاوہ 135 گز زمین بھی علیحدہ سے موجود پائی گئی ہے۔آفیشل اسائنی کے مطابق زمین کی قانونی حیثیت واضح کرنے کے لیے تمام لینڈ اوننگ اداروں کو خطوط ارسال کر دیے گئے ہیں تاکہ پلاٹ کی پوزیشن واضح ہو سکے۔قانونی طور پر اس پلاٹ پر بیسمنٹ سمیت گراؤنڈ پلس 9 منزلہ عمارت تعمیر کی جا سکتی ہے۔یاد رہے کہ نسلہ ٹاور کو نومبر 2021 میں سپریم کورٹ کے حکم پر مسمار کر دیا گیا تھا۔