نادرا کی شہریوں کے لیے بڑی سہولت، جانشینی سرٹیفکیٹ اب ملک بھر کے مراکز پر دستیاب

کراچی: ملک بھر میں نادرا نے شہریوں کے لیے سہولت میں اضافہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب جانشینی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی سہولت تمام نادرا مراکز پر فراہم کر دی گئی ہے۔ شہری کسی بھی قریبی نادرا مرکز پر جا کر اپنی درخواست جمع کرا سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ پانچ سال کے دوران ملک بھر میں 80 ہزار 847 شناختی کارڈ بحال یا ضبط کیے گئے۔ اس حوالے سے نادرا آفیسر سید شباہت علی نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ شناختی کارڈ ضبط یا غیر فعال ہونے کی مختلف وجوہات ہوتی ہیں، جنہیں عام طور پر عوام “کارڈ بلاک” ہونے کے طور پر جانتے ہیں۔انہوں نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کے دوران کہا کہ “امپاؤنڈنگ ایک قانونی اصطلاح ہے جس کا مطلب ہے کہ شناختی کارڈ غیر مؤثر ہو جائے اور وہ کسی بھی جگہ استعمال نہ کیا جا سکے۔” اس کی وجوہات میں غیر مصدقہ معلومات، بائیو میٹرک مسائل یا کارڈ کی معیاد ختم ہونا شامل ہیں۔ متاثرہ شہری کو اس کے بعد دفتر آ کر نیا کارڈ بنوانا یا مسئلہ حل کرانا پڑتا ہے۔ڈپلیکیٹ کارڈ کے حوالے سے سید شباہت علی کا کہنا تھا کہ پہلے اس طرح کے معاملات زیادہ سامنے آتے تھے، لیکن اب نادرا کا سسٹم جدید اور مضبوط ہو چکا ہے جس کی وجہ سے ڈپلیکیٹ کارڈ بنوانا تقریباً ناممکن ہوگیا ہے۔غلط معلومات فراہم کرنے کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ریاستی ریکارڈ میں جھوٹ بولنا ایک جرم ہے اور اس پر قید یا جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اب تک کسی شہری کو اس جرم پر سزا نہیں دی گئی۔نادرا نے حال ہی میں سیلاب متاثرین کے لیے بھی خصوصی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ متاثرہ افراد باآسانی اپنے شناختی دستاویزات کی تجدید یا اجرا کروا سکیں۔