قطر پر اسرائیلی حملے سے عرب ممالک کے تعلقات خطرے میں، اجلاس آج دوحہ میں

دوحہ میں آج ہونے والے عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے لیے تیار کردہ مسودے میں کہا گیا ہے کہ قطر پر اسرائیل کا وحشیانہ حملہ اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ اجلاس نو ستمبر کو قطر پر اسرائیلی فضائی حملے کے تناظر میں بلایا گیا ہے، جس میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف بھی شرکت کریں گے۔قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے اسرائیلی حملے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ اسرائیل کو جرائم کا جوابدہ ٹھہرایا جائے۔قطری وزیراعظم نے کہا کہ فلسطینی عوام کی جبری بیدخلی کی سازش کامیاب نہیں ہوگی اور اسرائیل کی نسل کش جنگ جھوٹے جواز کے باوجود ناکام رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے امن تجاویز مسترد کر کے جنگ کو مزید پھیلایا ہے، جس سے خطے کی اقوام اور خود اسرائیلی عوام کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔