امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر نہ صرف امریکا بلکہ خطے میں امن قائم کرنے کی کوششوں کا اہم شراکت دار ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ حماس کے خلاف کارروائیاں ضروری ہیں، لیکن اسرائیل کو سوچ سمجھ کر اور احتیاط سے قدم اٹھانے چاہیے، کیونکہ غیر محتاط اقدامات امن عمل اور مشترکہ مفادات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ادھر قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے عرب اسلامی وزرائے خارجہ مشاورتی اجلاس میں اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ قطر کی خودمختاری کے دفاع کے لیے قانونی اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے اور بین الاقوامی برادری کو اسرائیل کو جرائم کا جوابدہ ٹھہرانا ہوگا۔قطری وزیراعظم نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کی جبری بیدخلی کی سازش ناکام ہوگی اور اسرائیل کی نسل کش جنگ جھوٹے جواز کے باوجود ناکام رہے گی۔ اسرائیل نے امن تجاویز مسترد کر کے خطے میں کشیدگی بڑھا دی ہے، جس سے خطے کی اقوام اور اسرائیلی عوام دونوں کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔