غزہ میں اسرائیلی فوج کی بمباری جاری ہے اور صرف ایک روز میں 16 بڑی عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ غیر ملکی ذرائع کے مطابق گزشتہ روز بمباری سے 6 ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر ہوئے۔وزارت صحت کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی ظلم کے سبب 64,871 فلسطینی شہید اور 1,64,610 زخمی ہو چکے ہیں۔ گزشتہ روز مزید 53 فلسطینی شہید ہوئے۔ادھر اسرائیلی آرمی چیف ایال زامیر نے اعتراف کیا ہے کہ غزہ پر چھ ماہ میں قبضہ ممکن ہے، لیکن حماس کو عسکری یا سیاسی طور پر شکست دینا مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ زمینی کارروائی سے کوئی فیصلہ کن نتیجہ حاصل نہیں ہوگا اور اگر کارروائی غزہ کے دیگر علاقوں تک پھیلے تو اسرائیل کو شہری چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔