مانچسٹر: دنیا کے مقبول ترین فائٹرز میں شمار ہونے والے سابق باکسنگ ورلڈ چیمپیئن رکی “ہٹ مین” ہیٹن 46 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن (WBA) نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اتوار کی صبح گریٹر مانچسٹر کے علاقے ہائیڈ میں واقع ایک مکان سے ان کی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تفتیش جاری ہے۔رکی ہیٹن، جنہیں شائقین “ہٹ مین” کے نام سے جانتے تھے، نے اپنے شاندار کیریئر میں WBA، IBO اور IBF لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹلز کے ساتھ ساتھ WBA ویلٹر ویٹ کا عالمی اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ وہ دنیا بھر میں اپنی جارحانہ فائٹنگ اسٹائل اور مقبولیت کے باعث منفرد مقام رکھتے تھے۔ہیٹن نے 2012 میں باکسنگ کو خیرباد کہا تھا تاہم رواں سال دبئی میں ایک نمائشی فائٹ کے لیے واپسی کی تیاری کر رہے تھے۔ انہوں نے اپنے پروفیشنل کیریئر میں 48 فائٹس لڑی جن میں سے 45 میں فتح حاصل کی، جب کہ محض 3 میں شکست ہوئی۔ان کے کیریئر کی سب سے یادگار فتح 2005 میں ہوئی، جب انہوں نے آسٹریلوی باکسر کوستیا زو کو شکست دے کر IBF لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس کامیابی کے بعد وہ عالمی شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے، تاہم اپنی پرانی فارم مستقل طور پر برقرار نہ رکھ سکے۔رپورٹس کے مطابق ریٹائرمنٹ کے بعد رکی ہیٹن کئی بار ذہنی دباؤ، شراب نوشی اور منشیات کے باعث مشکلات میں مبتلا رہے اور خودکشی کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔2016 میں بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا:”میری زندگی شراب نوشی کے باعث پٹری سے اتر گئی تھی اور اسی نے مجھے نشے کی طرف دھکیل دیا، یہ سب ایک بے قابو ٹرین کی طرح تھا۔”رکی ہیٹن کی اچانک موت پر باکسنگ دنیا صدمے سے دوچار ہے، سابق چیمپیئنز اور مداحوں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور ان کی کامیابیوں اور جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے انہیں ایک عظیم فائٹر قرار دیا ہے۔