راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع بنوں اور لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی دو بڑی کارروائیوں کے دوران 31 بھارتی اسپانسرڈ خارجی دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں 13 اور 14 ستمبر کو کی گئیں۔ لکی مروت میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر فورسز نے آپریشن کیا، جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 14 بھارتی اسپانسرڈ خارجی دہشت گرد مارے گئے۔ اسی طرح بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں مزید 17 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دونوں کارروائیوں کے بعد سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ علاقے میں دہشت گردوں کے باقی نیٹ ورکس کو بھی مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ پاک فوج بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور جوانوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے 31 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرکے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے والے جوان خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور فتنہ الہند کے دہشت گردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیا جائے گا۔