امریکی ارب پتی ایلون مسک کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس اسٹار لنک اچانک بند ہو گئی، جس سے یوکرینی فوج اور عالمی سطح پر ہزاروں صارفین متاثر ہوئے۔ کمپنی نے پیر کے روز اپنی ویب سائٹ پر تصدیق کی کہ انہیں بڑی تکنیکی خرابی کا سامنا ہے اور ٹیم اس مسئلے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق صبح 04:35 تک امریکا میں 43 ہزار سے زائد صارفین متاثر ہو چکے تھے، جب کہ یوکرین کی فرنٹ لائن فورس نے بھی شکایت کی۔اسٹار لنک کے 6 ملین سے زیادہ عالمی صارفین ہیں اور یہ سروس اسپیس ایکس کے ذریعے زمین کے قریب مدار میں گردش کرنے والے سیٹلائٹس سے تیز رفتار انٹرنیٹ فراہم کرتی ہے۔ یہ سروس خاص طور پر دور دراز اور تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں استعمال ہوتی ہے۔واضح رہے کہ یوکرین نے روس کے حملے کے دوران بمبار ڈرونز کے بیڑے کے لیے اسٹار لنک پر انحصار کیا، اور دو ماہ قبل بھی سروس کی بندش کے باعث فوج کی کارروائیاں متاثر ہوئی تھیں۔