لاہور: ایشیا کپ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی کرکٹرز پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے بغیر ہی پویلین واپس چلے گئے، جس پر سابق کرکٹرز اور شائقین کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔بھارت کے کپتان سوریا کمار یادیو نے پریس کانفرنس کے دوران اس بات کا اعتراف کیا کہ انہیں ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت بھارتی حکومت کی طرف سے ملی تھی۔ اس رویے نے کھیل کی اسپرٹ پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کے قوانین میں ’’اسپرٹ آف کرکٹ‘‘ شامل ہے، جس میں واضح طور پر درج ہے کہ میچ کے اختتام پر نتیجہ کچھ بھی ہو، کھلاڑیوں کو ایک دوسرے اور امپائروں کا شکریہ ادا کرنا چاہیے۔آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.1.1 کے مطابق ایسا رویہ جو ’’اسپرٹ آف گیم‘‘ کے خلاف ہو، لیول ون کی خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے۔ اس زمرے میں آنے والے کھلاڑیوں پر جرمانہ یا وارننگ دی جا سکتی ہے۔ابھی تک آئی سی سی کی جانب سے کسی باضابطہ سزا یا کارروائی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق بھارتی ٹیم کے اس اقدام پر معمولی جرمانہ یا انتباہ دیے جانے کا امکان موجود ہے۔