ایشیا کپ: بھارتی ٹیم کا اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی، اے سی سی صدر محسن نقوی اور پی سی بی کا سخت ردعمل

ایشیا کپ کے پاک بھارت میچ میں بھارتی ٹیم کی جانب سے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی پر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے شدید ردعمل دیا ہے۔محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ “پاک بھارت میچ میں اسپورٹس مین شپ نہ دیکھ کر مایوسی ہوئی، کھیل میں سیاست کو گھسیٹنا اس کی اصل روح کے خلاف ہے۔” انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ فتوحات تمام ٹیمیں وقار اور خوش اخلاقی سے منائیں گی۔دوسری جانب پاکستانی ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے بھی بھارتی کھلاڑیوں کے رویے پر باقاعدہ احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کھلاڑیوں کا ہاتھ نہ ملانا اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ٹاس کے وقت میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے کپتانوں سے ہاتھ نہ ملانے کی ہدایت کی تھی۔واضح رہے کہ ایشیا کپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی، تاہم میچ کے اختتام پر بھارتی بلے بازوں نے روایت کے برعکس پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملائے بغیر ہی میدان چھوڑ دیا، جبکہ پاکستان ٹیم اجتماعی طور پر پویلین لوٹی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر آئی سی سی اور ایم سی سی کو خط بھی لکھا ہے، جس میں میچ ریفری کے نامناسب رویے پر احتجاج اور انہیں ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔