ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی لاریجانی نے مسلم ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی جنونی حکومت کے خلاف مشترکہ آپریشن روم قائم کریں۔ لاریجانی نے کہا کہ محض بیانات اور اجلاسوں سے کام نہیں چلے گا، مسلمان ممالک کو عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ صیہونی حکومت کے سرپرست پریشان ہوں۔لاریجانی نے مزید کہا کہ اگر مسلم ممالک فلسطینی مظلومین کے لیے کچھ نہیں کر سکتے تو کم از کم خود کو ممکنہ خطرات سے بچانے کے لیے فیصلہ کریں۔دوسری جانب قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے اسرائیلی حملے کو وحشیانہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی کی ہے اور فلسطینی عوام کی جبری بیدخلی کی سازش ناکام ہوگی۔شیخ محمد نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ اسرائیل کو جرائم کا جوابدہ ٹھہرایا جائے اور امن کے تمام اقدامات کو فروغ دیا جائے تاکہ خطے میں کشیدگی کم کی جا سکے۔