امریکی میڈیا: غزہ پر اسرائیلی زمینی حملہ چند دنوں میں متوقع

امریکی ٹی وی چینل سی این این کے مطابق دو اسرائیلی حکام نے بتایا ہے کہ غزہ شہر پر اسرائیلی زمینی حملہ اگلے چند دنوں میں شروع ہو سکتا ہے، حتیٰ کہ یہ پیر کو بھی ہو سکتا ہے۔غزہ میں زمینی حملے سے قبل اسرائیلی فوج نے رہائشی اور اہم عمارتوں کو تباہ کرنا شروع کر دیا ہے، جن کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ حماس انھیں استعمال کرتی ہے۔ اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی UNRWA کے کمشنر جنرل نے بتایا کہ گزشتہ 4 دنوں میں کم از کم 10 اقوام متحدہ کی عمارتیں نشانہ بنائی گئی ہیں۔اسرائیلی منصوبے کی منظوری رواں برس اگست میں دی گئی تھی اور ابتدائی منصوبہ کئی ماہ میں مکمل ہونے والا تھا، جس میں 10 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کے جبری انخلا کی توقع تھی۔ تاہم وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے فوج کو حکم دیا کہ منصوبے کے شیڈول کو مختصر کیا جائے۔اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زامیر نے انتباہ کیا ہے کہ یہ کارروائی نہ صرف باقی ماندہ قیدیوں کو خطرے میں ڈالے گی بلکہ فوجیوں کی جانوں اور غزہ میں انسانی بحران کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کرے گی۔