گریٹر نوئیڈا میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا، جہاں 37 سالہ ساکشی چاولہ نے اپنی 11 سالہ ذہنی معذور بیٹے دکشن کے ساتھ عمارت کی 13 ویں منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔انڈین میڈیا کے مطابق ساکشی چاولہ اپنے شوہر درپن چاولہ اور بیٹے کے ساتھ ایش سٹی میں رہتی تھیں۔ ان کا بیٹا ذہنی معذور تھا اور اس کا علاج جاری تھا، تاہم ذہنی دباؤ اور دلبرداشتگی کے باعث خاتون نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔درپن چاولہ، جو پیشے سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں، واقعے کے وقت گھر پر موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ دوسرے کمرے میں تھے جب چیخ کی آواز سنی، بالکونی پر پہنچنے پر انہوں نے اپنی بیوی اور بیٹے کو زمین پر پڑا ہوا دیکھا۔پولیس موقع پر پہنچی اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ بعد ازاں ساکشی چاولہ کی جانب سے لکھا گیا خودکشی نوٹ بھی برآمد ہوا، جس میں انہوں نے لکھا:”ہم یہ دنیا چھوڑ رہے ہیں اور آپ سے معافی مانگتے ہیں۔ ہم اب آپ کو مزید پریشان نہیں کرنا چاہتے، ہماری وجہ سے آپ کی زندگی برباد نہیں ہونی چاہیے، ہماری موت کا کوئی ذمہ دار نہیں ہے۔”پولیس حکام کے مطابق اس واقعے نے پڑوسیوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ذہنی دباؤ نے اس خاتون کو یہ قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔سینٹرل نوئیڈا کے ڈپٹی کمشنر پولیس شاکتی اوستھی نے کہا کہ پولیس ٹیم نے خودکشی کا نوٹ برآمد کیا اور معلوم ہوا کہ بیٹا کچھ عرصے سے علیل تھا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔