کرناتک میں مذہبی جلوس پر ٹرک کی تباہ کن دوڑ، 9 ہلاک، 22 زخمی

بھارت کے کرناتک کے گاؤں موسالے ہوساہلی میں مذہبی تہوار کے دوران ایک تیز رفتار ٹرک نے جلوس کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 22 زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق حادثہ تہوار کے آخری دن، رات پونے 9 بجے کے قریب پیش آیا۔ زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویش ناک ہے، اور پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔مقامی پولیس کے مطابق ٹرک ڈرائیور ممکنہ طور پر تھکاوٹ یا غفلت کی وجہ سے گاڑی پر کنٹرول کھو بیٹھا، اور سڑک کنارے بس کے انتظار میں کھڑے افراد پر دوڑ گیا۔ حادثے کی فوٹیج میں ٹرک کو لوگوں پر بے قابو دوڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔پولیس نے کہا کہ متاثرین میں زیادہ تر نوجوان لڑکے شامل تھے جو جلوس میں شریک تھے۔ کئی افراد موقع پر دم توڑ گئے، جبکہ دیگر زخمی بعد میں اسپتال منتقل کیے گئے جہاں کچھ کی موت واقع ہوئی۔واقعے سے مقامی کمیونٹی میں شدید صدمہ اور غم کی لہر دوڑ گئی ہے، اور حکام نے عوام سے جلد از جلد احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔