سیلاب متاثرہ معیشت: تھنک ٹینک نے شرح سود میں کمی کی سفارش کر دی

معاشی تھنک ٹینک اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ (ای پی بی ڈی) نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ معیشت میں بحالی کے لیے شرح سود میں کمی کی سفارش کر دی ہے۔تھنک ٹینک کے مطابق زرعی شعبے کی تباہی کے بعد معاشی بحالی کے لیے صنعتی ترقی ضروری ہے۔ سفارش کی گئی ہے کہ شرح سود کو 11 فیصد سے کم کر کے پہلے 9 فیصد اور بعد میں 6 فیصد تک لایا جائے۔ای پی بی ڈی نے کہا کہ شرح سود میں کمی سے حکومت کو تقریباً 3 ہزار ارب روپے کی بچت ہوگی، جسے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تعمیر و بحالی پر خرچ کیا جا سکتا ہے۔ مزید برآں، شرح سود میں کمی برآمدات میں اضافہ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور صنعتی شعبے کی ترقی کے لیے مددگار ہوگی۔
تھنک ٹینک نے بتایا کہ مہنگی انٹرسٹ ریٹ صنعتی ترقی کا راستہ روک رہی ہے اور پاکستان سیلاب کے بعد فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے۔ فلڈ سے چاول کی 60 فیصد، کاٹن کی 35 فیصد اور گنے کی 30 فیصد فصل تباہ ہو چکی ہے، جبکہ 40 فیصد لیبر فورس متاثر ہوئی ہے۔توقع ہے کہ سیلاب کے اثرات سے جی ڈی پی کی شرح 3.4 فیصد سے کم ہو کر 3.2 فیصد رہ جائے گی اور تجارتی خسارہ ایک ارب 90 کروڑ ڈالرز تک بڑھنے کا امکان ہے۔ تھنک ٹینک کا موقف ہے کہ شرح سود کو 11 فیصد پر برقرار رکھنا ناقابل برداشت ہوگا اور صنعتی ترقی رک جائے گی، جس سے معاشی بدحالی میں اضافہ ہوگا۔