راولپنڈی: گھریلو جھگڑے پر سسرالیوں نے خاتون کو آگ لگا کر قتل کر دیا

راولپنڈی کے علاقے قائداعظم کالونی میں گھریلو تنازعہ کے دوران سسرالیوں نے مبینہ طور پر خاتون پر تیل چھڑک کر آگ لگا دی۔ جھلسنے والی خاتون کو فوری طور پر سی ایم ایچ اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ دورانِ علاج دم توڑ گئی۔ایف آئی آر کے مطابق دھمیال پولیس نے مقتولہ کے بیٹے شہید احمد بھٹی کی درخواست پر قتل اور اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔مدعی کے بیان کے مطابق اس کی والدہ شازیہ فاروق اور بہن سے چچی کا جھگڑا ہوا، جس کے بعد بہن کو گھر سے نکال کر دروازہ بند کردیا گیا اور والدہ پر تیل چھڑک کر آگ لگا دی گئی۔ متاثرہ خاندان کے مطابق واقعے کو چھپانے کے لیے بتایا گیا کہ خاتون کمپریسر پھٹنے سے جھلس گئی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔