ایشیا کپ: پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرلیا

دبئی: ایشیا کپ کے سب سے بڑے اور ہائی وولٹیج مقابلے میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں رواں سال دوسری مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں۔ اس سے قبل فروری میں دونوں ٹیموں کا آمنا سامنا آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں ہوا تھا، جہاں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔تاہم مئی میں ’’معرکۂ حق‘‘ میں پاکستان کی شاندار فتح اور بھارت کی تاریخی شکست کے بعد اب دبئی میں دونوں روایتی حریفوں کا ٹاکرا نہ صرف شائقین کے لیے پرجوش لمحہ ہے بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں بھی انتہائی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔کرکٹ ماہرین کے مطابق یہ میچ ایشیا کپ کا سب سے بڑا مقابلہ قرار دیا جا رہا ہے، جس میں دباؤ کے باوجود دونوں ٹیمیں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔