سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہدف صرف بھارت کو ہرانا نہیں بلکہ ایشیا کپ جیتنا ہونا چاہیے۔وسیم اکرم نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ اتوار کے میچ میں بھارت کو شکست دینے کے ساتھ ساتھ اپنی نظریں ٹورنامنٹ کی ٹرافی پر بھی مرکوز رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ کسی بڑی ٹیم سے ہار بھی جائیں تو ہمت نہ ہاریں اور ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر اچھا کھیل پیش کریں۔سابق کپتان نے مزید کہا کہ بھارت کے خلاف ہر میچ ہمیشہ یادگار رہا ہے، اور میں نے اس سے لطف اندوز ہوا، بالکل اسی طرح مخالف ٹیم کے کھلاڑی بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔واضح رہے کہ ایشیا کپ میں بھارت نے اپنے پہلے میچ میں میزبان یو اے ای کو صرف 57 رنز پر آؤٹ کر کے 4.3 اوورز میں ہدف حاصل کیا، جبکہ پاکستان نے 160 رنز بنائے اور عمان کو 67 پر ڈھیر کر دیا۔یاد رہے کہ کل پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایشیا کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں آمنے سامنے ہوں گی، جہاں شائقین کرکٹ کو ایک بڑا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔