امریکا میں اسرائیلی سفیر کی دھمکی: حماس کی سیاسی قیادت کو نشانہ بنایا جائے گا

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں تعینات اسرائیلی سفیر یچیل لیٹر نے فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی سیاسی قیادت کو نشانہ بنانے کی کھلی دھمکی دے دی ہے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی سفیر نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ “ہم انہیں اگلی بار نہیں چھوڑیں گے اور اپنا ہدف حاصل کر کے رہیں گے۔”فاکس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے یچیل لیٹر نے مزید کہا کہ حماس کی قیادت اس وقت نوٹس پر ہے اور آئندہ انہیں لازمی طور پر نشانہ بنایا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں کہ کیا اسرائیل حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہا ہے؟ اسرائیلی سفیر نے کہا کہ اگر اس بار ہمیں کامیابی نہیں ملی تو آئندہ ضرور حاصل کر لیں گے۔
انہوں نے قطر پر حملے کے بعد امریکا اور خلیجی ممالک کی جانب سے اسرائیل پر کی جانے والی تنقید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “ابھی ہمیں کچھ مخالفت اور تنقید کا سامنا ہے، لیکن ہم جلد ہی اس پر قابو پا لیں گے۔”