اسرائیلی وزیر دفاع کی ایک اور دھمکی: “حماس قیادت کو دنیا میں کہیں بھی محفوظ پناہ نہیں ملے گی”

یروشلم (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایک بار پھر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی۔ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے امریکی اتحادی قطر میں موجود حماس کی سیاسی قیادت پر حملوں پر ہونے والی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ “ہم اس تنظیم کو دنیا میں کہیں بھی محفوظ پناہ گاہ تلاش کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔”کاٹز نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کا سلامتی کا نظریہ بالکل واضح ہے اور اس کی پہنچ دشمنوں تک دنیا کے ہر مقام تک ہے، جہاں بھی وہ چھپیں گے، کارروائی کی جائے گی۔یہ بھی پڑھیں: [اسرائیل کا دوحہ میں حماس قیادت پر فضائی حملہ]وزیر دفاع نے یہ واضح نہیں کیا کہ دوحہ میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں کتنے حماس رہنما شہید ہوئے، تاہم انہوں نے کہا کہ “جس نے بھی 7 اکتوبر 2023 کے حملوں میں حصہ لیا، وہ سزا سے نہیں بچ سکے گا۔”انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حماس جنگ کے خاتمے کے لیے اسرائیل کی شرائط قبول کرے، جن میں تمام یرغمالیوں کی رہائی اور تنظیم کا غیر مسلح ہونا شامل ہے۔ بصورت دیگر حماس کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا اور غزہ کو تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔