میکسیکو سٹی: عالمی سطح پر ہونے والے کنسرٹس میں فلسطین کے حق میں آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری ہے، اسی سلسلے میں میکسیکو کے دارالحکومت الزوکالو میں منعقد ہونے والا ایک کنسرٹ فلسطین کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسٹیج پر فلسطینی خاندان کو مدعو کیا گیا، جس کی سب سے کم عمر بچی نے “نسل کشی بند کرو” کا نعرہ لگایا۔ اس موقع پر کنسرٹ میں شریک ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد نے یک زبان ہو کر “فری فری پیلسٹائن” کے نعرے بلند کیے۔تماشائیوں کے یہ نعرے کئی منٹ تک فضا میں گونجتے رہے، جسے عالمی سطح پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک بڑی عوامی آواز قرار دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، میکسیکو میں فلسطینی یکجہتی کمیٹی نے اسرائیلی ناکہ بندی توڑنے کے لیے عالمی صمد فلوٹیلا کی حمایت میں جالیسکو ریاست میں کشتی مارچ کا بھی اہتمام کیا۔خیال رہے کہ اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں غزہ میں اب تک 64 ہزار 500 سے زائد فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 63 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔