خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ای پنشن سسٹم کے اجرا کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا ہے کہ یہ جدید نظام یکم جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگا وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ نے اس منصوبے کے لیے کانسپٹ پیپر تیار کر لیا ہے جبکہ محکمہ خزانہ کو اس پر فوری عمل درآمد کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق نئے نظام کے تحت جنوری 2026 سے ریٹائر ہونے والے تمام ملازمین کو پنشن کی ادائیگی ای پنشن سسٹم کے ذریعے کی جائے گی۔ موجودہ پیپر بیسڈ نظام ختم کر کے مکمل طور پر پیپر لیس ای پنشن سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ ای پنشن سسٹم ایک ویب بیسڈ ڈیش بورڈ پر مشتمل ہوگا جس میں مکمل ڈیجیٹل ورک فلو شامل ہوگا۔ ملازمین اپنی ریٹائرمنٹ سے چھ ماہ قبل ایک سادہ آن لائن فارم پُر کر کے پنشن کیس جمع کر سکیں گے، جب کہ تمام متعلقہ دستاویزات اسکین کر کے براہ راست پورٹل پر اپ لوڊ کی جا سکیں گی۔حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام کے نفاذ کے بعد پنشن کا عمل، جو پہلے کئی ماہ لیتا تھا، اب صرف دو سے چار ہفتوں میں مکمل ہو سکے گا۔ آن لائن سسٹم کے باعث پنشنرز کو دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے اور موجودہ مشکلات ختم ہو جائیں گی۔وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ یہ حقیقی پیپر لیس نظام ہوگا جو شفافیت اور جوابدہی کو فروغ دے گا۔ خیبر پختونخوا اس سسٹم کا آغاز کرنے والا ملک کا پہلا صوبہ بن جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کو حقیقی معنوں میں ’’ڈیجیٹل پختونخوا‘‘ بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ اب تک 36 عوامی سہولیات آن لائن فراہم کی جا چکی ہیں اور باقی کو بھی ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے پر کام تیز کیا جا رہا ہے۔