اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سندھ اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کے پیشِ نظر سیلابی الرٹ جاری کردیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کراچی، حیدرآباد، جامشورو، بدین اور تھرپارکر میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ نشیبی علاقے زیرِ آب آنے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سکھر، لاڑکانہ اور شکارپور میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش متوقع ہے، جبکہ کیرتھر رینج میں برساتی ریلوں کے سبب سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ادھر بلوچستان کے جنوبی و مشرقی اضلاع میں بھی شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے۔ خضدار، اواران، قلات، ژوب اور حب میں تیز بارش کا امکان ہے، جب کہ کیچ، گوادر، اورماڑہ اور پَستی کے علاقے بھی بارشوں سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، اسی لیے وڈھ اور بیلا کے عوام کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ بارش کے باعث کچے مکانات، زرعی زمینیں اور رابطہ سڑکیں متاثر ہوسکتی ہیں، شہری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں اور حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔