متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ایشیا کپ 2025 کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔ شائقین کرکٹ اس بڑے ایونٹ میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کے لیے بےحد پرجوش ہیں۔افتتاحی تقریب کے دوران دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ کی ٹرافی کی رونمائی کی جائے گی، اس کے بعد شریک ٹیموں کے کپتان پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ٹورنامنٹ کا پہلا میچ افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان کھیلا جائے گا۔پاکستانی ٹیم ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز 12 ستمبر کو عمان کے خلاف کرے گی جبکہ کرکٹ شائقین کے سب سے بڑے مقابلے پاکستان بمقابلہ بھارت کا انتظار 14 ستمبر کو ختم ہوگا، جب دونوں ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ایونٹ میں کُل 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔گروپ اے: پاکستان، بھارت، عمان اور متحدہ عرب امارات گروپ بی: سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور ہانگ کانگ بھارتی ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔اگرچہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے انعامی رقم کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے، تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فاتح ٹیم کو تقریباً 3 لاکھ امریکی ڈالر (ساڑھے 8 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ رنرز اپ کو ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالر (4 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد) دیے جائیں گے۔ایشیا کپ 2025 کے تمام میچز یو اے ای کے مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے اور دنیا بھر کے کرکٹ شائقین اس میلے سے بھرپور لطف اندوز ہوں گے۔