امریکن ایئرلائنز کی پرواز میں ایک مسافر نے فلائٹ اٹینڈنٹ کو ’’شٹ اپ‘‘ کہہ کر مخاطب کیا جس کے بعد اسے نہ صرف دیگر مسافروں کے سامنے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا بلکہ پرواز سے آف لوڈ بھی کر دیا گیا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ کوسٹا ریکا سے ڈیلاس جانے والی پرواز میں پیش آیا۔ فلائٹ اٹینڈنٹ پرواز سے قبل انٹرکام کے ذریعے مسافروں کو حفاظتی ہدایات دے رہی تھی کہ اچانک ایک خاتون مسافر نے اسے روک کر کہا کہ “چپ ہو جاؤ”۔یہ رویہ دیکھ کر نہ صرف دیگر مسافر حیران رہ گئے بلکہ فلائٹ اٹینڈنٹ نے بھی خاتون کے پاس جا کر براہ راست بات کی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اٹینڈنٹ نے مسافر سے پوچھا:”کیا آپ جہاز سے اترنا چاہتی ہیں؟”بعدازاں مسافر نے الٹا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ پائلٹ سے شکایت کرے گی اور مطالبہ کرے گی کہ اٹینڈنٹ کو ہٹا دیا جائے، کیونکہ وہ “تعمیل نہیں کر رہی”۔ تاہم عملے نے قواعد کے تحت کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو پرواز سے آف لوڈ کر دیا۔ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق فضائی سفر کے دوران عملے کے ساتھ بدتمیزی اور ہدایات کو نظرانداز کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہوتی، کیونکہ یہ نہ صرف نظم و ضبط بلکہ دیگر مسافروں کی حفاظت کا بھی مسئلہ ہے۔