قاہرہ: عرب اسلامی وزرائے خارجہ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں اسرائیل کے حالیہ بیانات اور اقدامات کو یکسر مسترد کر دیا گیا۔اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزرائے خارجہ نے فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی اور مسلسل محاصرے کی سخت مذمت کی ہے۔اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی بلا تعطل رسائی کا مطالبہ کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔وزرائے خارجہ نے مزید کہا کہ مغربی کنارے میں غیر قانونی بستیاں، گھروں کی مسماری اور فلسطینی زمینوں پر قبضہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔اعلامیہ میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیلی جرائم پر جوابدہی یقینی بنائی جائے اور فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے ساتھ ساتھ آزاد ریاست کے قیام کی حمایت کی جائے۔مزید برآں اجلاس میں واضح کیا گیا کہ 1967 کی سرحدوں کے مطابق مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بنا کر فلسطینی ریاست کا قیام ہی مسئلہ فلسطین کا واحد اور پائیدار حل ہے۔