ساؤتھمپٹن: انگلینڈ نے تیسرے ون ڈے میں جنوبی افریقہ کو رنز کے اعتبار سے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی شکست دے دی۔415 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پروٹیز ٹیم صرف 72 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کے 8 بیٹرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے جبکہ ٹیم کا سب سے بڑا انفرادی اسکور صرف 20 رنز رہا جو کوربن بوش نے بنایا۔انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 18 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ عادل رشید نے 3 جبکہ برائیڈن کارس نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔اس سے قبل انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 414 رنز اسکور کیے۔جیکب بیتھل اور جوروٹ نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔کپتان جوز بٹلر اور جیمی اسمتھ نے بھی 62، 62 رنز بنا کر ٹیم کے بڑے اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشوو مہاراج اور کوربن بوش نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔یہ شکست پروٹیز ٹیم کے لیے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی اور عبرتناک شکست قرار دی جا رہی ہے۔