اسلام آباد: پاک فضائیہ کا یومِ شہدا آج ملک بھر کے تمام پی اے ایف بیسز پر عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا جن میں 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہدا کو یاد کیا گیا۔ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق مرکزی تقریب ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تھے۔ایئر چیف مارشل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ شہدا قربانی، عزم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی علامت ہے۔ پاک فضائیہ بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال میں اپنے مشن پر مکمل یکسوئی سے کاربند ہے۔ان کا کہنا تھا کہ “معرکہ حق (بنیان مرصوص) میں حاصل ہونے والی کامیابیاں ایئر فورس کے عزم اور صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔”انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی بدولت آنے والی نسلیں محفوظ ہیں۔ایئر چیف نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ خلا، الیکٹرانک وارفیئر اور سائبر ٹیکنالوجیز میں اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ مستقبل کے چیلنجز سے بخوبی نمٹا جا سکے۔انہوں نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد جائز ہے اور پاکستان ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔تقریب کے بعد ایئر چیف مارشل نے یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔