کیئو: روس کی جانب سے جنگ کے سب سے بڑے فضائی حملے میں یوکرین کے دارالحکومت کیئو میں سرکاری عمارت کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک شیر خوار بچے سمیت 3 افراد ہلاک ہو گئے۔روئٹرز کے مطابق، یوکرین کی وزیر اعظم یولیا سویریڈینکو نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں پہلی بار کسی سرکاری عمارت کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا، جس کی چھت اور اوپری منزلیں بری طرح متاثر ہوئیں۔ امدادی کارکنوں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔عینی شاہدین کے مطابق، سورج طلوع ہونے کے بعد عمارت کی اوپری منزلیں شعلوں میں گھری ہوئی تھیں اور فضا میں دھواں بلند ہوتا دکھائی دے رہا تھا۔یوکرینی فضائیہ کے مطابق، روس نے راتوں رات 805 ڈرونز اور 13 میزائل داغے، جن میں سے یوکرین کے دفاعی یونٹس نے 751 ڈرونز اور 4 میزائل مار گرائے۔ بتایا گیا کہ یہ تعداد روس کی جانب سے کسی بھی ایک دن میں فائر کیے گئے ڈرونز کی سب سے زیادہ ہے۔کیئو کی ملٹری ایڈمنسٹریشن کے سربراہ تیمور تاکاچینکو نے تصدیق کی کہ ہلاک شدگان میں ایک شیر خوار بچہ بھی شامل ہے۔