بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت “نشوونما پروگرام” کی شرائط اور اندراج کا طریقہ کار جاری

اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے تحت شروع کیے گئے بینظیر نشوونما پروگرام میں شمولیت کے لیے اہلیت کی شرائط اور اندراج کا طریقہ کار جاری کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پروگرام میں شمولیت کے لیے خواتین کا بینظیر کفالت پروگرام میں باقاعدہ رجسٹرڈ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ یہ پروگرام خاص طور پر حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی ماؤں اور دو سال سے کم عمر (23 ماہ تک) کے بچوں کے لیے شروع کیا گیا ہے۔پروگرام میں اندراج کا طریقہ نشوونما پروگرام میں رجسٹریشن کے لیے تحصیل اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتالوں میں نشوونما مراکز قائم کر دیے گئے ہیں۔ اہل خواتین اپنی رجسٹریشن وہاں کرا سکتی ہیں۔رجسٹریشن کے لیے درکار دستاویزات:خواتین کا نادرا کا جاری کردہ شناختی کارڈ بچے کا نادرا کا جاری کردہ ب فارم بچے کا حفاظتی ٹیکوں کا کارڈ معاونت اور مالی امداد حاملہ خواتین کو دوران حمل ہر سہ ماہی 2500 روپے دیے جائیں گے۔بیٹے کی پیدائش پر 2500 روپے اور بیٹی کی پیدائش پر 3000 روپے سہ ماہی (جس میں 500 روپے سفری اخراجات بھی شامل ہیں) ادا کیے جائیں گے۔یہ معاونت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ بچے کی عمر دو سال نہ ہو جائے۔مزید برآں، نشوونما پروگرام کے تحت مستفید ہونے والی حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی مائیں اور کم عمر بچوں کو خصوصی غذائیت سے بھرپور خوراک بھی فراہم کی جائے گی تاکہ ان کی نشونما اور صحت بہتر بنائی جا سکے۔یہ سہولت بینظیر کفالت پروگرام کی رقم کے علاوہ فراہم کی جا رہی ہے۔