اسلام آباد: پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے امریکا کی جانب سے ضروری امدادی سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق امریکی فوجی طیارے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچ گئے۔ یہ طیارے راولپنڈی کے نور خان ایئر بیس پر اُترے جہاں پاک فوج کے افسران اور پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر بھی موجود تھیں۔امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی فوجی طیاروں نے پاکستان فوج کی درخواست پر امدادی سامان پہنچایا ہے۔ امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے اس موقع پر کہا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ پاکستانی عوام کے دکھ درد میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔سفارت خانے کے مطابق امدادی سامان میں خیمے، ادویات، کھانے پینے کی اشیاء اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے خصوصی کٹس شامل ہیں، جو فوری طور پر متاثرہ اضلاع میں تقسیم کیے جائیں گے۔یاد رہے کہ پنجاب میں شدید بارشوں اور بھارت کے ڈیموں سے پانی چھوڑنے کے باعث بڑے پیمانے پر سیلاب آیا ہے جس نے لاکھوں افراد کو متاثر کیا ہے۔ گھروں کے ڈوبنے اور فصلوں کی تباہی کے بعد لوگ عارضی کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ادھر حکومتِ پاکستان نے سیلاب زدگان کی امداد کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ عالمی برادری سے بھی تعاون کی اپیل کی تھی۔ اس سے قبل اقوامِ متحدہ اور برطانیہ نے بھی پاکستان کو امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا، اور اب امریکا نے بھی سیلاب متاثرین کی فوری مدد کے لیے عملی قدم اٹھایا ہے۔محکمہ ریلیف اینڈ ریسکیو کے مطابق پنجاب سے سندھ میں داخل ہونے والے سیلابی ریلے کے پیش نظر 16 لاکھ سے زائد افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر سندھ میں اونچے درجے کا سیلاب آیا تو صورت حال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔