پاکستان میں 7 ستمبر کو مکمل چاند گرہن کا نظارہ ہوگا، سپارکو

اسلام آباد: اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اعلان کیا ہے کہ 7 اور 8 ستمبر کی درمیانی شب پاکستان سمیت دنیا کے کئی حصوں میں مکمل چاند گرہن دیکھا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق چاند گرہن کا مشاہدہ یورپ، ایشیا، آسٹریلیا، افریقہ، شمالی امریکا کے مغربی حصے اور جنوبی امریکا کے مشرقی کچھ حصوں میں کیا جا سکے گا۔پاکستان میں یہ فل چاند گرہن 7 ستمبر کی رات شروع ہوگا۔ سپارکو کے مطابق گرہن رات 8 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا، جس کا عروج رات 1 بجکر 55 منٹ پر ہوگا، جبکہ یہ سلسلہ رات کے آخری پہر تک جاری رہے گا۔ماہرین فلکیات کے مطابق اس دوران چاند مکمل طور پر زمین کے سائے میں چھپ جائے گا اور آسمان پر سرخی مائل رنگ اختیار کرے گا، جسے عام طور پر “بلڈ مون” بھی کہا جاتا ہے۔سپارکو کا کہنا ہے کہ پاکستان کے شہری اس نایاب اور قدرتی مظاہرے کا براہِ راست مشاہدہ کر سکیں گے، تاہم بہتر نظارے کے لیے کھلے اور صاف آسمان والے مقامات کا انتخاب کیا جائے۔یاد رہے کہ چاند گرہن اس وقت لگتا ہے جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آجاتی ہے اور سورج کی روشنی براہِ راست چاند تک نہیں پہنچ پاتی۔