اسلام آباد: ملک بھر میں بارہ ربیع الاول مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کی اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ لاہور کینٹ کے بی ایکس اسٹیڈیم اور پشاور کے کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں بھی 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ ملک کے تمام شہروں میں چراغاں، سبز پرچموں کی بہار اور مساجد، بازاروں و گلیوں کی تزئین و آرائش دیکھنے میں آ رہی ہے۔صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن امت مسلمہ کے لیے خوشی اور عقیدت کا دن ہے۔ بارہ ربیع الاول ہماری زندگیوں کو سیرت نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالنے کے عہد کی تجدید ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کر کے ہم ایک مثالی معاشرہ قائم کر سکتے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ولادت نے ظلمت کو نور میں بدلا اور انسانیت کو عدل، رحمت، مساوات اور وحدت کی راہیں دکھائیں۔ انہوں نے زور دیا کہ سیرت طیبہ ﷺ ہر دور میں رہنمائی کا سرچشمہ ہے اور نئی نسل کو تعلیم، خیر اور امن کی طرف راغب کر کے انہیں حیات طیبہ ﷺ سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔