سیلاب متاثرین سے ملاقات سے پہلے پرفیوم چھڑکنے پر عوام کا لیگی رکن اسمبلی پر شدید غصہ

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی محمد ثاقب خان چدھڑ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جس میں انہیں سیلاب متاثرین سے ملاقات سے قبل پرفیوم چھڑکتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس ویڈیو نے عوام میں شدید ردعمل کو جنم دیا ہے۔سوشل میڈیا صارفین اور عوامی حلقوں کی جانب سے اس عمل کو بے حسی اور متاثرین کی بدقسمتی قرار دیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سیلاب سے تباہ حال عوام بنیادی سہولیات اور امداد کے منتظر ہیں جبکہ منتخب نمائندے نمود و نمائش سے ہی فرصت نہیں نکال پا رہے۔پنجاب کے مختلف اضلاع اس وقت شدید بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے دوچار ہیں۔ ہزاروں خاندان بے گھر ہوچکے ہیں، لوگ کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں جبکہ فصلیں اور مکانات بھی تباہ ہو چکے ہیں۔عوامی ردعمل میں کہا گیا ہے کہ متاثرین کی حالت زار دیکھ کر کسی کا بھی دل موم ہوسکتا ہے، لیکن بعض رہنما جو انتخابات کے موقع پر خود کو عوام کا خادم کہتے ہیں، مشکل وقت میں ان کی بے حسی نہایت افسوسناک ہے۔