2025 میں پرائز بانڈز: خوش نصیبوں کی تعداد میں اضافہ اور محفوظ سرمایہ کاری کا آپشن

2025 پرائز بانڈ رکھنے والے شہریوں کے لیے کافی کامیاب رہا ہے، اب تک تقریباً 10 قرعہ اندازیوں میں سیکڑوں خوش نصیب انعامات جیت چکے ہیں۔قومی بچت ڈویژن نے سال کے آغاز میں 2025 کے لیے باضابطہ پرائز بانڈ شیڈول کا اعلان کیا تھا۔ سال کے آغاز میں 15 جنوری کو 750 روپے والے بانڈ کی پہلی قرعہ اندازی ہوئی، جبکہ آخری بیلٹنگ 15 دسمبر کو 200 روپے والے بانڈ کی ہوگی۔پاکستان میں پرائز بانڈ اسکیم شرکا کو 100 روپے سے لے کر 40,000 روپے تک کے بانڈز خریدنے کی اجازت دیتی ہے، جس سے نہ صرف شہریوں کی بچت محفوظ رہتی ہے بلکہ خوش نصیب خواتین و حضرات کی قسمت بھی بدل سکتی ہے۔پرائز بانڈز کو کسی بھی وقت نقد رقم میں تبدیل کیا جا سکتا ہے، جس کی وجہ سے یہ قابل رسائی اور محفوظ سرمایہ کاری کا بہترین آپشن بن گئے ہیں۔ حکومت پاکستان کے مطابق اس اسکیم کا مقصد عوام کی بچت کو فروغ دینا اور ملک کے لیے فنڈز اکٹھا کرنا ہے۔