یوکرین میں مغربی فوجی اہلکار جائز ہدف ہوں گے، روسی صدر پیوٹن کی دھمکی

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین میں مغربی ممالک کے فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کھلی دھمکی دے دی ہے۔خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ولادیووستوک میں اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے پیوٹن نے کہا کہ اگر یوکرین میں کوئی مغربی فوجی نظر آیا تو روس اسے “جائز ہدف” سمجھے گا۔یہ بیان فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 26 مغربی ممالک نے یوکرین کو جنگ کے بعد کی حفاظتی ضمانتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے، جن میں زمین، سمندر اور فضا میں بین الاقوامی فورسز کی تعیناتی بھی شامل ہے۔پیوٹن نے واضح کیا کہ روس کی نظر میں جنگ کی اصل وجہ یوکرین کو نیٹو میں شمولیت سے روکنا اور اتحاد کی افواج کو یوکرینی سرزمین پر تعیناتی سے باز رکھنا ہے۔روسی صدر نے کہا: “اگر روس اور یوکرین کے درمیان امن معاہدہ ہو جاتا ہے تو مغربی فوجیوں کو یوکرین کی سرزمین پر نظر نہیں آنا چاہیے، یہ حتمی بات ہے۔”