پیرس: فرانس کی حکومت نے اپنے اسپتالوں کو ممکنہ جنگی حالات کے پیشِ نظر ہنگامی تیاری کی ہدایت جاری کردی۔خبر رساں ادارے کے مطابق فرانسیسی وزیرِ صحت کیتھرین فوترن نے ملک کے تمام بڑے طبی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایسے خصوصی مراکز قائم کریں جو جنگی زخمیوں کے علاج میں مہارت رکھتے ہوں اور روزانہ کم از کم 100 زخمیوں کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔وزارتِ صحت کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مقامی صحت کے ادارے اگلے سال کسی بھی بحران کی صورت میں فوری ردِعمل کے قابل ہوں۔ اس مقصد کے لیے ہسپتالوں کو مارچ تک “بڑی تیاری” کے مکمل نفاذ کے لیے کہا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ خصوصی مراکز زیادہ تر ریلوے اسٹیشنز اور ایئرپورٹس کے قریب قائم کیے جائیں گے تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ فرانس اپنی جغرافیائی حیثیت کے باعث یورپی تنازعات میں ایک کلیدی معاون مرکز کے طور پر استعمال ہو سکتا ہے، اسی وجہ سے حکومت چاہتی ہے کہ اسپتال نہ صرف مقامی شہریوں بلکہ ہزاروں غیر ملکی فوجیوں کو بھی علاج فراہم کرنے کے قابل ہوں۔وزیرِ صحت کیتھرین فوترن نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ اقدام ایک پیشگی تیاری ہے، جیسے وباؤں کے دوران اسٹریٹجک ذخائر تیار کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ کووڈ-19 کے دوران وزارتِ صحت کی سربراہی پر نہیں تھیں، مگر اس بحران سے یہ سبق ضرور ملا کہ ملک کو ہر طرح کے حالات کے لیے پہلے سے تیار رہنا چاہیے۔